اسلام آباد:8 اگست2017 : سینیٹر سحر کامران نے سینٹ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوے کہا ہے حکمران جماعت نے طا قت کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے ۔ احتساب کے اداروں کو اپنے ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کیااور اپنے سیاسی حریفوں سے انتقام لینے کے لئے ان پر کرپشن کے جھوٹے کیسز کراے۔ لیکن آج جب ملک کی اعلیٰ عدلیہ نے اپنا فیصلہ دیا تو عدلیہ پر الزام لگاتے ہیں کہ ججرکہ عدلیہ نے ناانصافی کی ہے۔ پھر عدلیہ کے فیصلوں کے خلاف ملک میں جلوس اور ہنگامے کرتے پھر رہے ہیں جو کہ اعلیٰ عدلیہ کی کھلم کھلا توہین ہے۔
سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ یہ سب مکافات عمل ہے کل ان لوگوں نے دوسروں کے ساتھ زیادتیاں کیں اور آج ان زیادتیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ پارلیمینٹ کے تقدس پر بات کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کے ارکان جب خود پارلیمنٹ کے تقدس اور احترام کا خیال نہیں کرتے تو یہ نہ صرف ایوان کی توہین ہے بلکہ ایک قسم کی بد دیانتی اور کرپشن ہے۔ جب عوام نے آپ کو اختیار دیاہے اور آپ ایوان کے تقدس کا حلف اٹھا کر اس ایوان کی پامالی کریں تو یہ ملک کے ساتھ بد دیانتی ہے۔ انہوں نے کہا عوام کو ٹھیک کرنے سے پہلے اپنے آپ کو ٹھیک کرنا چاہیے۔
سینیٹر سحر کامران نے ن لیگی ارکان کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ یہ لوگ کس احتساب کی بات کرتے ہیں ، سابق صدر آصف علی زرداری نے بے گناہ گیارہ سال جیل میں گزارے کیا ان کے وہ قیمتی سال واپس ہو سکتے ہیں یا ان کا احتساب ہو سکتا ہے۔ اس کے ساتھ سینیٹر سحر کامران نے دیر بالا میں خود کش حملے میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا ان کا لہو قوم پر قرض ہے اور یہ ملک کے بیٹے اپنے ملک کی حفاظت کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ ملک کو لوٹ رہے ہیں جو کہ اس قوم پر بوجھ ہیں۔