پیپلز پارٹی کی رہنما اورسینٹر فار پاکستان اینڈگلف سٹڈیز(سی پی جی ایس)کی صدر سینیٹر سحر کامران یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ بھٹو خاندان اور پیپلز پارٹی نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے کلیدی خدمات سرانجام دیں ،جوہری صلاحیت کے باعث آج کوئی بھی دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیںکر سکتا جبکہ بیرونی دنیا کو پاکستانی جوہری ہتھیاروں اور تنصیبات کی فول پروف سیکیورٹی کا یقین دلانے میں بھی پیپلزپارٹی پیش پیش رہی ۔بدھ کو سینٹر فار پاکستان اینڈگلف سٹڈیز(سی پی جی ایس)کی صدر، پیپلزپارٹی کی رہنمااور سینیٹ کی دفاع و خارجہ اُمور کمیٹیوں کی رکن سینیٹر سحر کامران نے یوم تکبیر کی مناسبت سے جاری بیان میں کہا ہے آج ذوالفقار علی بھٹو جیسا دور رس سوچ رکھنے والا رہنما چاہیے جس نے 1958ءمیں ہی بحیثیت وزیر توانائی ، ایندھن و قدرتی وسائل ، پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن (پی اے ای سی)کی بنیاد رکھی ،جوہری ہتھیاروں کی تیاری کیلئے تحقیقی کا م کا آغاز کیا، ڈاکٹر عبداسلام کوعزت دی اورجوہری ٹیکنالوجی کی ترقی میں کلیدی کردار سونپاجبکہ 1970ءکے انتخابات میں پیپلز پارٹی ملکی جوہری ترقی کے اُمور کو اپنے منشورکا حصہ بنانے والی پہلی جماعت بن کر اُبھری۔ سینیٹر سحر کامران نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو ہی وہ پہلے پاکستانی سربراہ تھے جنہوں نے بڑی تعداد میں جوہری سائنسدانوں کو جدید ترین تربیت کیلئے بیرون ممالک بھجوایااور کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ (کینپ)کی بنیاد رکھی گئی جوآج کراچی کو 25فیصد بجلی کی فراہمی کا ذریعہ ہے جبکہ کہوٹہ میں جوہری ہتھیاروں کی تیاری کیلئے تحقیقی ادارے کا قیام بھی بھٹو کے عظیم کارناموں میں سے ایک تھا۔اُنہوں نے کہاکہ بھٹو کی بیٹی اور دختر مشرق بے نظیر بھٹو نے اپریل 1989ءمیں ملکی جوہری ہتھیاروں اور جوہری تنصیبات کے تحفظ کیلئے پہلی بار” جوہری نظریہ یا حکمت عملی “دی جس کے تحت بین الاقوامی برادری کو پاکستانی جوہری پروگرام پر اعتماد بحال ہوا اور جوہری ٹیکنالوجی کے غلط ہاتھوں میں جانے یا کسی جوہری حادثے کے خدشات دور کرنے میں مدد ملی۔سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت نے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی زیرقیادت جوہری ترقی کے شعبے میں کلیدی خدمات سر انجام دیتے ہوئے نومبر 2009ءکونیوکلیئر کمانڈ اتھارٹی(این سی اے)کے قیام کا آرڈیننس جاری کیااور ساتھ ہی نیوکلیئر کمانڈ وزیر اعظم کے سپرد کردی جبکہ اسی پیپلز پارٹی دور میںچشمہ دوئم کا افتتاح ، چشمہ سوئم و چہارم کا سنگ بنیاد رکھا اور تعمیر کا آغاز کیا گیا۔اُنہوں نے پیپلزپارٹی ، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو زبر دست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو خاندان اورپیپلز پارٹی کی جوہری ترقی، توانائی کے حصول اور جوہری ہتھیاروں کی تیاری کیلئے پیش کردہ خدمات ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی جبکہ آج کوئی دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا